• news

ملکی سلامتی‘ ترقی میں مسیحی برادری کا کردار اہم: شجاعت‘ پرویز الٰہی‘ مونس


لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے یوم قائداعظمؒ اور کرسمس پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰؐ کے وضع کردہ اصولوں اور قائداعظمؒ کے ارشادات کی روشنی میں وطن عزیز میں مسیحیوں اور دیگر مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتی رہے گی۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ تمام قوم یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک وطن کو بانی پاکستان قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کا عہد کرتے ہوئے اسلامی فلاحی مملکت اور امن و خوشحالی کا گہوارہ بنانے کیلئے اسی جذبہ کا مظاہرہ کرے جو تحریک پاکستان کے دوران سامنے آیا تھا۔ چودھری پرویزالہٰی نے کہا کہ قائداعظم کا فرمان ہے کہ ہماری نجات کا راستہ صرف اور صرف ہمارے پیارے نبی خاتم النبیین حضرت محمدؐ  کا اسوئہ حسنہ ہی ہے، بے شک دین محمدیؐ ہی تمام انسانیت کیلئے نظام حیات ہے۔ مسلم لیگی قائدین نے مسیحی بھائیوں کو بھی کرسمس کی خصوصی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ پاکستان کی سلامتی کے علاوہ ترقی میں بھی مسیحی بھائیوں کا کردار نہایت اہم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن