دھند:موٹر ویز بند،ٹوبہ میں موٹر سائیکل حادثہ،ماں2بیٹے جاں بحق
لاہور/ ٹوبہ ٹیک سنگھ/ چناب نگر (آئی این پی+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) لاہور میں دھند کا راج برقرار ہے جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں کے منظر دھندلا گئے ہیں۔ ٹریفک سست روی کا شکار رہی موٹروے کو مختلف مقامات پر ٹریفک کیلئے بند کیا گیا ۔ موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم ٹو ٹھوکر نیاز بیگ سے کالا شاہ کاکو تک شدید دھند کے باعث بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ موٹروے ایم 11 (لاہور سیالکوٹ ) کو بھی محمود بوٹی سے سمبڑیال تک بند کردیا گیا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق ہفتہ کے روز صبح سویرے چک نمبر 289 گ ب کے قریب شدید دھند کے باعث موٹر سائیکل ٹریکٹر ٹرالی سے ٹکرانے کے نتیجہ میں کوثر بی بی زوجہ ریاض اور اس کے دو نوجوان بیٹے آصف ریاض ،کاشف ریاض سکنہ 289گ ب موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ چناب نگر سے نمائندہ خصوصی کے مطابق دھند کے باعث مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ عدلانہ کا رہائشی امیر حیدر اپنی بیوی کے ہمراہ موٹرسائیکل پر شہر سے واپس گھر جا رہا تھا راستے میں چنیوٹ جھنگ روڈ پر متھرومہ سٹاپ کے قریب ٹرالر نے ٹکر ماردی جس کے باعث 35 سالہ امیر حیدر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ اس کی بیوی 30 سالہ ناہید بی بی زخمی ہوگئی جس کو ریسکیو کے اہلکاروں نے ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا دیگر حادثات میں 17 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ پہلے حادثہ میں ٹرالی کی کار سے ٹکر میں کار میں سوار تین افراد زخمی ہو گئے دوسرے حادثہ کار کی ٹکر سے چار افراد زخمی ہو گئے ایک اور حادثے کے باعث 8 افراد زخمی ہو گئے۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید دھند کے باعث ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق نیشنل ہائی وے اوکاڑہ بائی پاس پر وین اور مزدا ٹرک میں تصادم ہوگیا۔ جس کے نتیجے میں 2 خواتین اور 3 مرد شدید زخمی ہوگئے۔ دوسرا حادثہ اڈا طبروق کے قریب مزدا اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔