جنوبی وزیرستان میں پیپلز پارٹی رہنما نجیب اللہ محسود قتل
اسلام آباد/ جنوبی وزیرستان (نمائندہ خصوصی+ نیٹ نیوز) جنوبی وزیرستان میں فائرنگ کے باعث پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سردار نجیب محسود جاں بحق ہو گئے۔سابق امیدوار قومی اسمبلی حلقہ جنوبی وزیرستان نجیب اللہ محسود گاؤں لدھا سے ٹانک آ رہے تھے کہ سراروغہ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جانبر نہ ہو سکے۔ نعش ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹانک پوسٹ مارٹم کے لئے منتقل کر دی گئی۔ نجیب اللہ محسود دو مرتبہ پیپلز پارٹی کی ٹکٹ سے قومی اور صوبائی الیکشن لڑچکے ہیں۔ دوسری طرف پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نجیب محسود کی شہادت پر افسوس ہے۔ ان کا قتل خیبرپی کے میں قیام امن پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ خیبرپی کے میں پی ٹی آئی مخالف سیاسی کارکنان ایک کے بعد ایک قتل ہورہے ہیں۔ حکومت فی الفور نجیب محسود کے قاتلوں کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائے۔