• news

قائداعظم نے برصغیرکے مسلمانوں کوآزادریاست کا تصوردیا ،راشد حفیظ

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر خواندگی وغیر رسمی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ قائداعظم محمدعلی جناح نے برصغیرکے مسلمانوں کوآزادریاست کا تصوردیا اوراس کو عملی جامعہ پہنایا۔ یہ بات انھوں نے پنجاب آرٹس کونسل کے زیراہتمام یوم قائدکے سلسلے میں منعقدہ تصویری نمائش اورکیک کاٹنے کی تقریب سے بطورمہمان خصوصی کہی۔ نمائش میں قائداعظم کی زندگی اورحصول پاکستان کی جدوجہدپرمشتمل 100 سے زائدنادرونایاب تصاویراور معروف مصورہ فرحانہ علی کے بنائے ہوئے قائداعظم کے فن پارے آویزاں کیے گئے تھے۔  راجہ راشد حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ قائداعظم کے افکار کے مطابق پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔احساس پروگرام، صحت کارڈ،اور نوجوانوں کو کاروبار کے لیے قرضہ جات کی فراہمی ایک فلاحی ریاست کی طرف اہم قدم ہے۔ ملک پاکستان کی ترقی کے لیے ہمیں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے قول"کام، کام اور صرف کام"پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناہید منظور کا کہنا تھا کہ قائداعظم دنیا کے عظیم لیڈرتھے، انہوں نے آزادی کے حصول کے لیے برصغیرکے مسلمان ایک پلیٹ فارم پرمتحدہوئے۔بابائے قوم کی انتھک کوششوں کی وجہ سے ایک آزادریاست کا خواب شرمندہ تعبیرہوا۔ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ قائداعظم کے ویثرن کے مطابق ملک کو ترقی میں اپنا حصہ ڈالے۔ ڈائریکٹرپنجاب آرٹس کونسل وقاراحمدنے کہا ہے کہ نئی نسل کوقائداعظم کے کارناموں سے روشناس کرانا نمائش کا بنیادی مقصدہے۔ قائداعظم کی عظیم جدوجہدکی بنا آج ہم آزادفضا میں سانس لے رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن