میئر پشاور کی ٹکٹ کیلئے گورنر اور کامران بنگش پر کروڑوں روپے لینے کا الزام
پشاور(این این آئی)میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر شاہ فرمان پر 5 کروڑ، اور کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق خیبر پی کے کے گورنر شاہ فرمان پر پیسے لینے کے الزامات پر وزیر اعظم کے معاون خصوصی ارباب شہزاد کے بھتیجے نے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ارباب محمد علی نے کہا کہ میئر پشاور کے ٹکٹ کے لیے گورنر پر 5 کروڑ جبکہ کامران بنگش پر 2 کروڑ لینے کا الزام ہے، ان الزامات سے ثابت ہوتا ہے کہ گورنر نے وزیر اعظم کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے۔انھوں نے کہا کہ جنھوں نے امپورٹڈ امیدوار کے حق میں فیصلہ دیا تھا ان سے بھی پوچھ گچھ کی جائے۔واضح رہے کہ خیبر پختون خوا بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کی تحقیقاتی رپورٹ عمران خان کو پیش کی جا چکی ہے، جس میں ناقص کارکردگی پرگورنر کے پی، اور اسپیکر اسد قیصر سمیت 9 اراکین قومی اسمبلی ذمہ دار قرار دیا گیا تھا۔