• news

بینظیر کی 14 ویں برسی آج: ’’یاد ہے، سلام بینظیر بھٹو‘‘ بلاول


لاہور‘ راولپنڈی‘ کراچی (نامہ نگار + آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹوکے14ویں یوم شہادت کے موقع پر آج 27 دسمبر بروز پیر پیپلز پارٹی کے کارکنوں اور سول سوسائٹی لاہور کی جانب سے گلبرگ، لبرٹی گول چکر پرخصوصی تقریب ہو گی۔ تقریب میں بے نظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے شمعیں روشن کی جائیں گی اور دعائیہ تقریب ہوگی۔ راولپنڈی کے لیاقت باغ میں بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت  اور گڑھی خدابخش بھٹو میں  دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہو گا۔ برسی کے موقع پرگڑھی خدا بخش بھٹو میں دعائیہ محفل اور جلسہ عام ہوگا جس سے سابق صدر آصف علی زرداری،  بلاول بھٹو زرداری سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین  خطاب کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل احمد سومرو نے ایک بیان میں کہا کہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر ملک کے کونے کونے سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلستان سے لاکھوں کی تعداد میں کارکنان  شرکت کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں کہا ہے کہ یاد ہے‘ یاد ہے‘ 27 دسمبر ‘ سلام بے نظیر بھٹو۔سابق صدر آصف زرداری نے بینظیر بھٹو شہید کے یوم شہادت پر پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو شہید کے ہر خواب کو تعبیر دیں گے۔ بینظیر بھٹو شہید کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔ پارلیمنٹ کے اختیارات پر 2013ء کے بعد مسلسل حملے ہورہے ہیں۔ پارلیمنٹ کی عزت اور وقار کو بے توقیر کیا جارہا ہے۔ صبر اور برداشت ہماری کمزوری نہیں ہمارا اصول ہے۔ ملک ہمارے لئے اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے۔ ملک کی آزادی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ آج ملک خطرناک صورتحال سے گزر رہا ہے۔ ملکی معیشت تباہ اور خارجہ امور زبوں حالی کا شکار ہیں۔ عوام کو معاشی مشکلات سے نجات کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو ایک تحریک و مشعلِ راہ ہے اور قوم ان کے قومی جذبے، طویل جدوجہد و مضبوط قیادت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ آج کا دن یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ پاکستان سے دہشت گردی و انتہاپسندی کا خاتمہ کریں گے اور جمہوریت کی مضبوطی، آئین و پارلیمان کی بالادستی اور معاشرتی مساوات کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے پیغام میں کہا ہے کہ بینظیر بھٹو نے اپنی تمام زندگی جمہوریت کی بحالی، پارلیمان کی بالادستی، آمریت کے خلاف جدوجہد اور عوام کی خدمت میں گزاری۔ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی چودھویں برسی تقریبات میں حصہ لینے کیلئے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب اور لاہور کے قافلے بذریعہ ٹرین اور سڑک گڑھی خدا بخش روانہ ہو گئے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے سابق صدر قمر زمان کائرہ، چودھری منظور‘ سعید چیمہ، اسلم گل ‘ رانا جمیل منج، منور انجم، عثمان ملک، عدنان گورسی، رانا نعیم دستگیر، میاں اشفاق، نجف وڑائچ، جاوید بھٹی، ابرار شاہ، رائے شاہجہان بھٹی، عاطف رفیق، امجد جٹ، علی چودھری، محسن ملہی، موسی کھوکھر، علامہ یوسف اعوان، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چودھری لطیف اکبر، بازل نقوی، آصف کھوکھر، ارشاد خان، نسیم صابر، عثمان اعوان، مدثر شاکر اور عبید الرحمن سڑک کے راستے روانہ ہوئے جبکہ لاہور ریلوے سٹیشن پر پیپلز پارٹی لاہور کی انفارمیشن سیکرٹری فائزہ ملک، زاہد ذوالفقار اور ضیاء ناگرہ نے جیالوں اور جیالیوں کو کراچی ایکسپریس کے ذریعے رخصت کیا۔

ای پیپر-دی نیشن