• news

ترمیمی فنانس کل کابینہ سے منظور12جنوری سے پہلے آئی ایم ایف شرائط پوری کرینگے:شوکت تیرین


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین کا کہنا ہے کہ حکومت 12 جنوری سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرائط پوری کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت منگل 28 دسمبر کو ترمیمی فنانس بل قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف کی ایک ارب ڈالر قرض کی قسط ترمیمی فنانس بل سے مشروط ہے جبکہ سٹیٹ بینک کی خود مختاری کا بل بھی فنانس بل کے ساتھ اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ دوسری جانب مشیر خزانہ سینیٹر شوکت ترین کا کہنا ہے کہ 12 جنوری کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں چھٹی جائزہ رپورٹ پیش کی جائے گی۔ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ پاکستان 12 جنوری سے قبل آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرے گا، ترمیمی فنانس بل میں 350 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ واپس لی جائے گی۔ ان کا مقصد 12 جنوری کو عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے 6 ارب ڈالر کی ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلیٹی (ای ایف ایف) کی منظوری ہے جس کے نتیجے میں ایک ارب ڈالر کی قسط جاری ہونے کی راہ ہموار ہوگی۔ مشیر خزانہ شوکت ترین نے ڈان کو بتایا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جن مالیاتی اور اصلاحاتی اقدامات پر اتفاق کیا گیا وہ سب مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے تمام انتظامات کیے گئے ہیں کہ پورا پیکج بشمول سپلیمنٹری فنانس بل اور سٹیٹ بینک آف پاکستان بل کی منظوری منگل کے روز کابینہ کے اجلاس میں دے دی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم اسی روز اسے پارلیمنٹ میں بھی پیش کردیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن