کرسمس خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے: ملک اسلم بلوچ
شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی )مرکزی انجمن تاجران کے چیئر مین الحاج ملک اسلم بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کے ساتھ اظہار محبت اور یک جہتی کرتے ہوئے پنجاب کی تمام تحصیلوں میں سستے کرسمس بازار لگا کر ان کی خوشیوں کو دوبالا کرنے کی جو کوشش کی ہے اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ حکومت اقلیتوں کی مذہبی وسیاسی آزادی کے ساتھ ساتھ ان کے حقوق کے تحفظ کیلئے صدق دل سے کام کررہی ہے، نبی کریم ﷺ اور تمام انبیاء کرام انسانیت کی رشد و ہدایت، آدمیت کے احترام اور امن کی فضاء قائم کرنے کیلئے دنیامیں تشریف لائے اسلام نے تمام مذاہب کے پیروکاروں کوہر قسم کی آزادی اور تحفظ کا جو درس دیا ہے اس کی مثال کسی اور مذہب میں نہیں ملتی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، الحاج ملک اسلم بلوچ نے کہا کہ کرسمس خوشیاں بانٹنے کا تہوار ہے مسیحی برادری ماضی کی طرح امسال بھی کرسمس کی تقریبات بھرپور جوش و جذبے سے منائے جس میں پوری پاکستانی قوم ان سے اظہار یک جہتی کرتے ہوئے کرسمس کی تقریبات میں شرکت کرے گی۔