• news

روایتی لیڈر شپ سے عوام اکتا چکے، ان کی توجہ اقتدار کے مزے لینے پر رہی: وزیراعظم آزادکشمیر

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر بھر میں حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کے نفاذ اور گڈ گورننس کے اقدامات کی نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں روزبروز اضافہ ہورہا ہے، عوام دیکھ رہے ہیں کہ حکومت آزادکشمیر خطے کی تعمیر وترقی اور تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے تاریخی کردار ادا کررہی ہے۔ دیگر روایتی جماعتوں کی لیڈر شپ اور اس کے کردار سے عوام اکتا چکے ہیں کیونکہ انہوں نے عوام کی خدمت کرنے کے بجائے ساری توجہ اقتدار کے مزے لینے پر رکھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلی سے راجہ عبدالقیوم کی سربراہی میں تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ایک وفد کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرامور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈپور، صدر تحریک انصاف آزادکشمیر اور موسٹ سینئر وزیرسردار تنویر الیاس خان، پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اور چیئرمین معائنہ اور عمل درآمد کمشن راجہ منصور خان اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور ڈائریکٹر جنرل لبریشن سیل ارشاد محمود بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے نئے شامل ہونے والوں ن لیگ برطانیہ کے سینئر نائب صدر راجہ عبدالقیوم، سپریم کورٹ بار کے سابق نائب صدر و ممبر مجلس عاملہ مسلم کانفرنس عقاب ہاشمی، راجہ امتیاز ایڈووکیٹ، راجہ محمد اقبال، راجہ ضیا، چوہدری صغیر، ماسٹر عزیز اوران کے ساتھیوں کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد دی اور کہا کہ پی ٹی آئی ایک فیملی کی طرح کام کرتی ہے۔ پی ٹی آئی ان کی صلاحیتوں اور تجربے سے بھرپور استفادہ کرے گی۔ وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور نے نئے شامل ہونے والوں کا پارٹی میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پارٹی میں ان کا جائز مقام دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں۔ سردار تنویر الیاس نے راجہ عبدالقیوم اور ان کے ہمراہ شامل ہونے والے کو مبارک دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کے لیے بے لوث کام کریں گے۔ سیکرٹری جنرل راجہ منصور خان نے بھی نئے شامل ہونے والوں کو مبارک باد دی اور امید ظاہر کہ وہ پارٹی کا اثاثہ ثابت ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن