• news

سونامی تباہی میں بدل گیا‘ تینوں بڑی جماعتوں نے ملک کو کمزور کیا‘ سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پاکستان کو ایسٹ انڈیا کمپنی کے حوالے کر دیا ہے۔ حکومت تمام شعبوں میں بری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ سونامی تباہی میں تبدیل ہوگیا ہے۔ او آئی سی کانفرنس میں امریکہ کے خوف سے کسی اسلامی ملک نے کشمیر کا نام تک نہیں لیا۔ تحریک انصاف، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی یہ ایک ہی پارٹی کا نام ہیں جنھوں نے باری باری ملک کو کمزور کیا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کی مظلوم عوام کی امیدوں کا محور ومرکز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کورنگی کے تحت مسجد یوسف پی اینڈ ٹی ہائوسنگ سوسائٹی اور ضلع ملیر کے تحت مسجد سلمان شاہ لطیف ٹاون میں علیحدہ علیحدہ اجتماعات سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سرا ج الحق نے کہا کہ دولت کی بنیاد پر تحریک انصاف نے اپنی حکمرانی قائم کی ہے۔ وزیر اعظم صرف اپنی ذات کے عاشق ہیں اور اپنی خدائی کو مسلط کرنا چاہتے ہیں لیکن اب بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے بعد یہ اپنے مستقبل سے مایوس ہیں اورکے پی کے میں اپنی بدترین شکست کا رونا رو رہے ہیں دیگر صوبوں کے بلدیاتی انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کی حکومت خود بخود ختم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی پارٹی اور اپوزیشن دونوں ہی امریکہ کی غلام بنی ہوئی ہیں۔
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن