جماعت اسلامی کا مارچ‘ مہنگائی کا جنازہ نکالا‘ کفن پوش کارکنوں کی شرکت
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) جماعت اسلامی این اے 125 کے زیر اہتمام ناصر باغ سے پی ایم جی آفس تک مہنگائی مارچ کیا گیا۔ جس میں سینکڑوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔ بعض شرکاء نے کفن پہن رکھے تھے۔ بے روزگار نوجوان بیلچے اٹھائے شریک ہوئے، خالی دیگوں کو زور زور سے بجا کر مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی جاتی رہی۔ جبکہ ایل پی جی کے سلنڈروں کے ہمراہ مہنگائی کا جنازہ بھی نکالا گیا اور مہنگائی کے پتلے کو نذر آتش کرکے شرکاء نے اپنے غصے کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر بہت سے شرکاء نے سوکھی روٹیوںکے ہار بھی گلے میں پہن رکھے تھے۔ قیادت این اے 125سے امیدوار برائے قومی اسمبلی خلیق بٹ، پی پی 150سے امیدوار صوبائی اسمبلی جبران بٹ اور پی پی 149سے امیدوار صوبائی اسمبلی ملک منیر نے کی۔ مارچ میں حسان بن سلمان بٹ، شیخ ایاز، مزدور رہنما شیخ انور، ندیم ابرہیم، خواتین سماجی راہنماؤں راشدہ شاہین، منزہ جبیں، ارم، خدیجہ، سینکڑوں کارکنان اور اہل علاقہ کی کثیر تعداد بچوں سمیت شریک تھی۔ خلیق احمد بٹ نے کہا کہ قوم کو تبدیلی کے سونامی اور کرپشن کے گڑھو ںسے نکال کر اسلامی اور خوشحال پاکستان بنائیں گے۔ جبران بٹ نے کہا تبدیلی سرکار آٹا، گھی، چینی، بجلی اور گیس کھا گئی ہے۔ ملک محمد منیر نے کہا کہ یہ کیسی ترقی ہے کہ مہنگائی کا سیلاب آ گیا ہے۔ اس عمرانی نظام میں ہر سو کرپشن ہی کرپشن ہے۔ حکومت فوری اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میںکمی کرے۔
مہنگائی مارچ