• news

قوم کی آخری امید مسلم لیگ حکومت نواز شریف کی واپسی کے اعلان سے خوفزدہ ہے چودھری افتخار نذیر

اسلام آباد  (سٹاف رپورٹر )مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور ایم این اے چوہدری افتخارنذیر نے کہا  ہے کہ 2022 نواز شریف کا سال ہوگا،مریم نوازکی جدوجہد کے نتیجے میں فاشسٹ حکومت کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے اعلان سے حکومت خوفزدہ  ہے۔ خانیوال ضمنی الیکشن اور کے پی کے بلدیاتی الیکشن میں عبرت ناک شکست حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتمادہے۔ میاں نواز شریف کے استقبال  کے لیے انسانوں کا سمندر امڈ آئے گا۔ نوائے وقت کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں چوہدری افتخارنذیر کا کہنا تھا حکومت کی ناکام اقتصادی پالیسیوں سے ملک کو معاشی تباھی کے جہنم میں پھینک دیا گیا ہے۔ ملک میں سیکنڈ کے حساب سے کرپشن اور روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کا گراف بلند ہورہا ہے۔ انھوں نے کہا آٹا، چینی ، گھی اور کھاد کی زخیرہ اندوزی کے ذریعے اربوں روپے کا کالا دھن کمانے والوں کو آشیرباد حاصل ھے۔ ایک سوال کے جواب میں مسلم لیگ ن کے ر ہنما کا کہنا تھا راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ حکومت کی کرپشن کا میگا سکینڈل ہے مگر حکومت شخصیات اور اعلی افسران تو دور کی بات کسی پٹواری کے کان پر بھی جوں تک نہیں رینگی۔ انھوں نے کہا نواز شریف کے دورمیں پاکستان  زرعی شعبے میں خود کفیل تھا آج سو فیصد درآمدات پر انحصار کرنے والا ملک  ہے، کسانوں کو کھاد کی بدترین قلت کا سامنا ہے، کبیروالا میں دو وزیر زراعت  ہیںاور وہاں کھاد پولیس اسٹیشنوں پر سفارش سے مل رھی ھے دوسری جانب گیس کی قلت ہے، بجلی بحران سر اٹھا رھاہے۔  انھوں نے کہااندرونی اور بیرونی قرضوں کے سارے ریکارڈز ٹوٹ گئے،اس کے باوجود کوئی میگا ترقیاتی منصوبہ نہیں لگا، اور نہ ہی تعلیم اور صحت کے بجٹ میں کوئی اضافہ ہوا۔ انھوں نے مزید کہابلین ٹری سونامی  کے باوجود لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا۔پشاور گندے ترین پہلے دس شہروں میں شامل ہے، قوم کی آخری امید میاں نواز شیریف کے ساتھ وابستہ ہے کپتان کا کھیل ہر پاکستا نی سمجھ چکا ہے۔
افتخار نذیر

ای پیپر-دی نیشن