گکھڑ منڈی: معمولی جھگڑے پر 2 بھائی قتل‘ ملزموں کا نعشوں پر تشدد
گکھڑ منڈی + لاہور (نامہ نگاران) معمولی جھگڑے پر مشتعل 3 دوستوں نے 2 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے 2 سگے بھائیوں کو قتل کر دیا۔ ملزمان ڈنڈوں اور ٹھڈوں سے ان کی نعشوں پر تشدد کرتے رہے اور موت کی تصدیق کرنے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق مقتول شہزاد گجر کا محلہ کے جواد خاں کے ساتھ دن کے وقت معمولی جھگڑا ہوا تھا۔ جس سے مشتعل ہو کر جواد خاں نے اپنے دوستوں حسن خاں، سلیمان بیگ عرف سنی اور 2 نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ مسلح ہوکر رات گیارہ بجے مین بازار راہوالی میں جب مقتول شہزاد گجر اپنے بڑے بھائی حنیف گجر، بھابھی شمیم اختر اور بھتیجے شاہزیب گجر کے ہمراہ اپنے گھر محلہ چپ شاہ راہوالی جا رہے تھے کہ راستے میں ملزمان نے ان کو روک کر اندھا دھند فائرنگ کر کے دونوں بھائیوں شہزاد گجر اور حنیف گجر کو قتل کر کے فرار ہو گئے۔ وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی اے ایس پی کینٹ سرکل اختر نواز پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال پہنچا دیں۔ مقتول حنیف گجر کی بیوی شمیم اختر کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے رات گئے تک ملزمان کے کئی عزیز و اقارب کو حراست میں لے لیا ہے۔لاہور سے نامہ نگار کے مطابقانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے گوجرانوالہ میں معمولی جھگڑے میں فائرنگ سے دو بھائیوں کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانولہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے سی پی او گوجرانوالہ کو ہدایت کی ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ متاثرہ فیملی سے قریبی رابطہ رکھا جائے اور لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔ سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ کیپٹن (ر) سیّد حماد عابد نے خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
2 بھائی قتل