پنجاب میں بلدیاتی الیکشن‘ حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا حکم
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے قبل حلقہ بندیاں مکمل کرنے کا حکم جاری ہوگیا۔ نیبر کونسل اور حلقہ بندیوں کی جاری کردہ شیڈول کے مطابق نیبر ہڈ اور ویلیج کونسلوں کی حلقہ بندیاں 22 مارچ 2022ء تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2021 کے سیکشن 7 کے تحت 27 دسمبر سے 10 جنوری تک انتظامات مکمل کیے جائیں گے۔ 11 جنوری سے 9 فروری تک حلقہ بندی کمیٹی ابتدائی فہرست مکمل کرے گی۔ 10 فروری 2022ء کو نیبر ہڈ اور ویلج کونسلز کی حلقہ بندیاں شائع ہونگی۔ 11 فروری سے 25 فروری تک ووٹر حلقہ بندی کمیٹی کو اعتراضات جمع کرائیں گے۔ 12 مارچ تک حلقہ بندیوں سے متعلق اعتراضات دور کیے جائیں گے۔ 13 مارچ سے 19 مارچ تک حلقہ بندی کمیٹی حتمی فہرست تیار کرے گی۔ 22 مارچ 2022 کو نیبر ہڈ اور ویلج کونسلز کی حتمی حلقہ بندیاں شائع ہونگی۔ چیف الیکشن کمشنر کی ہدایات پر نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔