نئے نیب چیئرمین کیلئے پی ٹی آئی نے کوئی نام تجویز نہیں کیا: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کی تعیناتی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کوئی نام تجویز نہیں کیا گیا۔ اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین نیب کے لئے نام تجویز کرنے کی خبریں درست نہیں۔ چیئرمین نیب کے لئے آنے والے دنون میں مشاورت کے بعد نام تجویز کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے چار جبکہ حکومت نے تین نام تجویز کردیے ہیں۔حکومت کی جانب سے تین جبکہ اپوزیشن کی طرف سے چار نام تجویز کئے گئے ہیں۔ جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) نے جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان کا نام تجویز کیاہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ناصر محمود کھوسہ اور سابق چئیرمین ایف بی آر سلمان صدیق کے نام تجویز کیے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق سفارتکار جلیل عباس جیلانی کا نام دیا گیا ہے۔ دوسری طرف حکومت نے بھی نئے چیئرمین نیب کے لیے تین نام تجویز کیے ہیں، حکومت کی جانب سے سیکریٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، سیکرٹری مذہبی امور اعجاز جعفر اور سابق ڈی جی ایف آئی اے عملیش چوہدری کے نام چیئرمین نیب کے لئے تجویز کئے گئے ہیں۔