• news

عسکری پارک 2 ہفتے میں کے ایم سی کے حوالے کر دیا جائے: چیف جسٹس 

کراچی (نیٹ نیوز) سپریم کورٹ نے عسکری پارک دو ہفتوں میں کے ایم سی کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان  کی سربراہی میں عسکری پارک سے متعلق کیس کی سماعت  ہوئی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ  جی ایڈمنسٹریٹر صاحب بتائیں۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے عدالت کو بتایا کہ رپورٹ فائل کردی گئی ہے جس کے مطابق  2005 میں معاہدہ طے پایا تھا۔ وکیل صفائی نے عدالت کو بتایاکہ 99 سال کا ایگریمنٹ ہوا تھا، اس پر جسٹس قاضی امین نے کہا  کہ جس کی زمین ہے اسے واپس کردیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ  آپ کو اس لیے دی تھی کوئی اور قبضہ نہ کرلے، پاکستان کی حفاظت کا کہا تھا۔ جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیے کہ ملک کیلئے آپ لوگ جانیں بھی دے رہے ہیں ہم قدر کرتے ہیں، جس کی زمین ہے اس کو واپس کردیں، آپ شرمندہ ہورہے ہیں، زمین واپس کردیں یہ ہم آپ کو حکم  دے رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے مکالمہ کیا کہ وہاں جھولے چل رہے ہیں، بچے گر کر مر رہے ہیں، کیسے جھولے لگائے ہیں وہاں؟۔ آپ نے خود تسلیم کیا شادی ہال چل رہا تھا، آپ کے ہوتے ہوئے 38 دکانیں بنی ہوئی ہیں، اس پر وکیل صفائی نے کہا کہ ہمارا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بعد ازاں عدالت نے حکم دیا کہ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی پارک کا انتظام سنبھالیں اور پارک عوام کیلئے استعمال کیا جائے، عوام سے اس سے متعلق کوئی چارجز وصول نہ کیے جائیں۔ عدالت نے عسکری پارک کے ایم سی کے حوالے کرنے، پارک کی زمین پر دکانیں ختم کرنے اور شادی ہال کی عمارت بھی کے ایم سی کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ عدالت نے کہا کہ دو ہفتوں میں پارک واپس لیا جائے، جھولے وغیرہ کے ایم سی اپنے لگائے اور ان کے جھولے واپس کردیں۔

ای پیپر-دی نیشن