کرونا، 2 اموات، اومیکرون لاہور پہنچ گیا، 5 جنوری سے بغیر ویکسینیشن کاروبار نہیں ہوگا
لاہور/ اسلام آباد/ سیالکوٹ/ نیو یارک (کامرس رپورٹر+ خبر نگار+ سپورٹس ڈیسک+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) لاہور میں اومی کرون وائرس کے 12 مریضوں کی تصدیق ہو گئی۔ ذرائع محکمہ صحت کے مطابق اومیکرون کے سات مریضوں کا تعلق جوہر ٹائون سے ہے۔ 4 مریضوں کا تعلق ماڈل ٹائون سے اور ایک کا تعلق ڈیفنس سے ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں کرونا ویکسی نیشن مہم کا 100فی صد ہدف حاصل کرنے کے لئے بڑا فیصلہ کیا گیا ہے کہ شہر میں موجود تمام کارخانوں، مارکیٹوں، شاپنگ مالز اور دکانوں پر کام کرنے والوں کو 5جنوری 2022ء تک ویکسی نیشن کروانا ہوگی۔ 5جنوری کے بعد اگر کہیں کوئی ویکسی نیشن کے بغیر کام کرتا پایا گیا تو وہ کارخانہ، شاپنگ مال اور دکان سیل ہوگی۔ یہ فیصلہ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت لاہور میں جاری ویکسی نیشن مہم پر سول سیکرٹریٹ میں پیش رفت کے جائزہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے لاہور میں ویکسی نیشن کے ہدف کے حصول کی جو ذمہ داری دی ہے اسے پورا کروں گا۔ کک باکسنگ کے سابق عالمی چیمپئین فریڈ سینسٹرا کرونا سے ہلاک ہو گئے۔ فریڈ سینسٹرا نے کرونا کو معمولی وائرس قرار دے کر خود کو ہسپتال سے ڈسجاچ کروا لیا تھا، گھر میں ہی اپنا علاج کروا رہے تھے۔ آسٹریلیا کے سابق کرکٹ کپتان رکی پونٹنگ اور آئن بوتھم کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ رکی پونٹنگ اور آئن بوتھم نیوز چینل پر کمنٹری کی ذمہ داری سرانجام دے رہے تھے۔ دونوںنے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ایک سٹاف ممبر اور 2 فیملی ارکان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، انگلش سکواڈ میں شامل 4 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایشز سیریز کا مکمل ہونا خطرے میں پڑ گیا ہے۔ جنوبی افریقہ سے آنے والے 15 مسافر سیالکوٹ ائیر پورٹ کے قرنطینہ سینٹر سے فرار ہوگئے۔ جبکہ قرنطینہ سے فرار ہونے والا اومی کرون سے متاثرہ شخص پکڑا گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق مفرور افراد گزشتہ صبح بین الاقوامی پرواز کے ذریعے جنوبی افریقا سے سیالکوٹ پہنچے جنہیں فوری قرنطینہ سینٹر منتقل کیا گیا۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید301 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 2 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ اب تک ویکسین لگوانے والے افراد کی تعداد 15 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ نیویارک میں ہسپتال میں داخل ہونے والے بچوں کی نصف تعداد 5 سال سے کم عمر ہے اور انہیں ویکسین نہیں لگی۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 27 کروڑ 99 لاکھ 44 ہزار 846 ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرونا وائرس آخری عالمگیر وبا نہیں ہے اور لوگوں کو مستقبل میں ایسے بحرانوں کو روکنے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ اسرائیلی خبر رساں ادارے ینیٹ نیوز نے بتایا کہ اسرائیلی وزیراعظم 14سالہ بیٹی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کابینہ کا خصوصی اجلاس چھوڑ کر قرنطینہ میں چلے گئے۔ ترکی کے سرکاری خبر رساں ادارہ نے آسٹریلوی ریاست نیو سائوتھ ویلز کے محکمہ صحت کے حوالے سے بتایا کہ پیر کو نیو سائوتھ ویلز کے دارالحکومت سڈنی میں اومیکرون سے 80سالہ شخص کی موت واقع ہوئی جو آسٹریلیا میں اومیکرون سے ہونے والی پہلی موت ہے۔ محکمے نے بتایا کہ متاثرہ شخص نے کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائی تھیں۔