حکومت اومیکرون سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی‘ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائے، پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور چیئرمین ہیلتھ ٹاسک فورس ڈاکٹر نوشیر برکی نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں میڈیکل ٹیچنگ ہیلتھ انسٹیٹیوٹ بل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کرونا وائرس کی متغیر قسم ’’اومی کرون‘‘ کے حوالے سے سپیکر کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سپیکر پرویزالٰہی نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔ حکومت اومی کرون سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کرے اور حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے، ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے اور عوامی آگاہی کے پروگرام ترتیب دئیے جائیں۔ ملاقات میں سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور ڈی جی پارلیمانی امور، پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک بھی موجود تھے۔