• news

 وفاقی کابینہ کااجلاس آج ،سیاسی معاشی  اور کرونا وائرس کی صورتحال پر غور ہوگا 

 اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج28 دسمبر منگل کو ہوگا جس میں سیاسی معاشی اور کورونا وائرس کی صورتحال پر غور ہوگا،کابینہ کو ای وی ایم اور آئی ووٹنگ کی پیش رفت پر بریفنگ دی جائیگی۔ وفاقی کابینہ کا 18 نکاتی ایجنڈا بھی جاری کر دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق کابینہ میں ہاوس بلڈنگ فنانس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تعیناتی کی منظوری دی جائیگی۔ ایس ای سی پی کے چیرمین اور ممبر کے استعفیٰ اور نئے ممبر کی تعیناتی کی منظوری دی جائیگی۔ مانیٹری اینڈ فیسیکل پالیسیز کوآرڈینیشن بورڈ میں نامور اکنامسٹ کی نامزدگی کی منظوری دی جائیگی۔ انٹر بورڈ کوآرڈینیشن کمیشن ایکٹ کی اصولی منظوری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔ ساجد مجید چوہدری کے کیس میں انکوائری کمیشن بنانے کی کابینہ منظوری دے گی۔ کابینہ اجلاس میں پیمرا کے فل ایگزیکٹو ممبر کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔ انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مشترکہ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کی منظوری کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے،گندھارا ہیریٹیجک کلچر سنٹر اور سیٹیزن کلب کے اشتراک سے سی ڈی اے کے پراجیکٹ کے پلان کی منظوری دی جائے گی۔ پاکستان سے دو ملزمان کی اٹلی حوالگی کا معاملہ کابینہ میں پیش ہوگا۔ پاکستان سے ایک ملزم محمد عثمان کی یو اے ای حوالگی کی منظوری کابینہ میں پیش ہوگی۔ بنکنگ کورٹ 1 ملتان کی ڈیرہ اسمعیل خان منتقلی کابینہ ایجنڈا میں شامل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن