خیبر پی کے‘ وزیراعلیٰ کے مختلف دفاتر پر چھاپے‘ 2پٹواری معطل
پشاور (آئی این پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سکیورٹی پروٹوکول کے بغیر پشاورکے مختلف علاقوں اور دفاتر کا دورہ، تحصیلدار آفس میں قائم سروس ڈیلیوری سینٹرکا معائنہ، خدمات کی فراہمی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سائلین سے بھی ملاقات کی۔ زمینوں کے انتقالات، فرد کے اجراء اور دیگر خدمات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ دو پٹواریوں کو معطل کردیا ۔نے جبکہ ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ رجسٹرار کے خلاف انکوائری کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے فیس جمع کرنے کے سلسلے میں لوگوں کی سہولت کے لئے صوبے بھر کے تمام سروس ڈیلیوری سنٹر ز میں بنک آف خیبر کی برانچز کھولنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان قصہ خوانی بازار کے اچانک دورے کے دوران شہریوں سے گھل مل گئے۔ شانگلہ کے رہائشی معذور نوجوان نے بھی وزیراعلیٰ سے مالی امداد اور ملازمت دینے کی درخواست کی۔ جس پر وزیراعلیٰ معذور نوجوان کو اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھاکر وزیراعلیٰ ہاؤس لے آئے۔ وزیراعلیٰ نے نوجوان کی مالی امداد کے علاوہ ان کے لئے ماہانی وظیفہ مقرر کردیا اور مستقل ملازمت ملنے تک انہیں یومیہ اجرت (ڈیلی ویجز) بنیادوں پر ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے نوجوان کو مستقل ملازمت دینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔