آئندہ انتخابات میں نواز شریف وزیراعظم ہوں گے‘ کوئی ابہام نہیں: رانا ثناء
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر اور سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں نے واضح کردیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں میاں نواز شریف وزیراعظم ہوں گے۔ اس میں کوئی ابہام نہیں۔ میاں شہباز شریف سمیت پارٹی کے تمام ارکان توکیا کارکنان اور عوام بھی میاں نواز شریف کی قیادت پر متحد ہیں۔ اگلے سال میاں نواز شریف پاکستان میں ہوں گے تاہم اس کے لئے تاریخ نہیں دی جا سکتی۔ کسی قسم کی ڈیل کا تاثر غلط ہے۔ میاں نواز شریف کی ڈیل عوام کے ساتھ ہے جن کے ووٹ کو عزت دینے کی ضرورت ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی انتقام اور ایک نااہل شخص کی راہ ہموار کرنے کے لئے باپ بیٹی کے خلاف کیسزکا اہتمام کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہوا فضا سے ثابت ہو رہا ہے کہ ٹولے کی کسی وقت بھی رخصتی ہونے والی ہے۔ اگلے سال لانگ مارچ مہنگائی مارچ اور جلسے جلوس شروع ہوںگے۔ اُنہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ خیبر پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں ہوم گرائونڈ سے ہارنے والے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن نہیں کروائیں گے تاہم کروائیں گے تو میدان میں نظر نہیں آئیں گے۔