• news

اسلام آباد:ایف بی آر افغانستان کیساتھ دوہرے ٹیکس معاہدے پر بات چیت کرے گا

 (نمائندہ خصوصی)افغانستان ریونیو ڈپارٹمنٹ(اے آر ڈی) کا ایک چار رکنی وفد دونوں ممالک کے مابین  دوہرے ٹیکس معاہدے(ڈی ٹی اے) پر مذاکرات کے دوسرے دور کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو( ایف بی آر ) کے  دورے پر ہے۔ یہ اعلیٰ سطحی  مذاکرات 28  سے 30 دسمبر 2021 تک ایف بی آر (ہیڈ کوارٹرز ) اسلام آباد میں ہوں گے۔ افغان وفد کی سربراہی عصمت اللہ سلیمی، ریونیو آڈٹ ڈائریکٹر اے آر ڈی کر رہے ہیں جبکہ اس میں عبدالولی نوری ٹیکنیکل ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اے آر ڈی،  ندا محمد صدیقی لیگل سروسز ڈائریکٹر اے آر ڈی اور  نجیب اللہ احمدزئی مشیروزارت خزانہ بھی  شامل ہیں۔  پاکستان اور افغانستان کے مابین ڈی ٹی اے پر مذاکرات کا پہلا دور مارچ 2016 میں کامیابی کے ساتھ  ہوا تھا۔  امید ہے کہ پاکستان اور افغانستان کیمابین  ڈی ٹی اے پر مذاکرات کا دوسرا دور بھی دوستی  اور باہمی سمجھوتے کے  مشترکہ جذبے کے ساتھ کیا جائے گا۔  دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان مجوزہ ڈی ٹی اے نہ صرف پہلے سے موجود اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا بلکہ دونوں ممالک کے لیے ریونیو میں اضافے کیلئے بھی  اہم کردار ادا کرے گا۔ پاکستانی وفد کی قیادت ایف بی آر کے ڈائریکٹر جنرل (انٹرنیشنل ٹیکسز) قیصر اقبال کررہے ہیں  جبکہ اس میں  بیرسٹر نوشیروان خان، چیف (انٹرنیشنل ٹیکسز) اور محترمہ حرا نذیر، سیکریٹری (ٹیکس ٹریٹیز اینڈ کنونشنز)  بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن