• news

مونس الٰہی کی زیرصدارت اجلاس‘ کراچی کو اضافی پانی کیلئے کمیٹی قائم کرنے کی منظوری

لاہور+ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ خبر نگار) وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے نیشنل واٹر پالیسی کی سٹیئرنگ کمیٹی کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی۔ واپڈا، سرویئر جنرل، ارسا، فلڈ کمشن کے نمائندگان اور انڈس واٹر کمشنر بھی موجود تھے۔ مونس الٰہی نے واٹر سیکٹر کی اہمیت، ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے حصول میں نیشنل واٹر پالیسی کے نفاذ پر زور دیا۔ وزارت آبی وسائل کی اس فریم ورک کی تیاری کیلئے کی گئی کوششوں کو سراہتے ہوئے مونس الٰہی نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ تمام سٹیک ہولڈرز کا اگلے دو ہفتوں میں اس پر اتفاق رائے حاصل کریں۔ انہوں نے صوبائی سٹیک ہولڈرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی آراء یکجا کر کے اپنے صوبائی پی اینڈ ڈی محکمے کے ذریعہ مشترکہ طور پر بھیجیں۔ اجلاس میں مشترکہ مفادات کونسل کے کراچی کو اضافی پانی دینے کے فیصلے کے نفاذ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مونس الٰہی نے ایک کمیٹی کے قیام کی منظوری دی جس کے سربراہ جوائنٹ سیکرٹری وزارت آبی وسائل اور ممبران میں ارسا ممبران، ایم ڈی کے ڈبلیو ایس بی اور صوبوں کے سیکرٹری آبپاشی ہوں گے۔ اضافی ایجنڈا آئٹم کے طور پر وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے حکومت آزاد جموں و کشمیر کی منگلا ڈیم سے ملحقہ آزاد جموں و کشمیر کی اراضی پر آبپاشی کیلئے 614 کیوسک پانی مہیا کرنے کی درخواست پر بھی غور کیا۔

ای پیپر-دی نیشن