کھاد بحران سنگین‘ ملک کو غذائی قلت کا سامنا‘ حکومت نظر نہیں آ رہی: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر)ملک میں کھاد کے سنگین بحران پر اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز شریف نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ اس بحران سے ملک کو غذائی قلت کا سامنا ہے لیکن حکومت نام کی چیز نظر نہیں آ رہی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ یوریا کھاد کی بوری 2500 اور ڈی اے پی دس ہزار روپے میں بھی نہیں مل رہی جبکہ ملک میں گندم کی بوائی 90 فیصد سے زائد مکمل ہو چکی ہے۔ ایسے میں کھاد مافیا کو کھلی چھٹی دینے والی حکومت مجرمانہ طرز عمل کی مرتکب ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ کھاد کی نایابی سے فی ایکڑ پیداوار 10من تک کم ہونے کا خدشہ ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے عوام کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی مہنگائی میں چکی آٹے کی قیمتیں پہلے ہی 80 سے 85 روپے تک پہنچ چکی ہیں۔ حکومت ملک کو گیس بحران مہنگائی کے بعد غذائی قلت کا تحفہ بھی دینے جا رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی نے اس مسئلے کو اسمبلی فلور پر بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کا ارادہ ظاہر کیا جبکہ اس معاملہ پر کسانوں کے تمام وفود سے جلد ملاقاتوں کا عندیہ بھی دیا۔