• news

بغیر اطلاع  جاپانی قونصل جنرل  کاعملے سمیت گرین لائن بس میں سفر

کراچی (نوائے وقت رپورٹ)کراچی میں تعینات قونصل جنرل جاپان توشیکازو ایسومورا نے اپنے عملے کے ہمراہ حال ہی میں شروع ہونے والی گرین لائن بس سروس پر سفر کیا۔ قونصل جنرل جاپان کسی کو اطلاع دیے بغیر ایک عام مسافر کے طور پر گرین لائن بس سروس کے مرکزی اسٹیشن پہنچے، اس موقع پر پولیس اتاشی اور دیگر عملہ بھی  قونصل جنرل کے ہمراہ تھا۔ قونصل جنرل نے نمائش چورنگی سٹیشن پر مسافروں کی قطار میں لگ کر خود ٹکٹ خریدا اور کلیئرنس کے بعد مسافروں کے ساتھ بس میں بیٹھ گئے، قونصل جنرل نے اس آزمائشی سفر کے دورن روٹ اور گرین لائن بس کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔گرین لائن بس کا سفر کرکے توشیکازو ایسومورا گولیمار کے اسٹاپ پر اترے اورسفر پر خوشی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جاپان میں تو یہ عام چیز ہے لیکن کراچی میں یہ جدت دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ جاپانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ یہ سروس ابھی نامکمل ہے، کچھ خامیاں ہیں  لیکن سروس مکمل ہونے پر یہ خامیاں بھی دور ہوجائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن