اپٹما وفد سے مذاکرات‘ برآمدی انڈسٹری کیلئے آج گیس بحال ہو جائے گی
اسلام آباد/ لاہور (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی+ وقائع نگار) اپٹما کے وفد نے چیئرمین عبدالرحیم ناصر اور چیئرمین نارتھ حامد زمان کی قیادت میں وزیر خزانہ اور وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری پٹرولیم اور سیکرٹری پاور سے ملاقات کی جس میں برآمدات کے شعبے کو گیس کی فراہمی کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اعلی برآمدات کے ابھرتے ہوئے رجحان کے پیش نظر حکومت نے پیداواری کارروائیوں کو برقرار رکھنے کے لیے صنعت کو گیس کی فراہمی پر اتفاق کیا۔ گیس آج 29 دسمبر سے بحال ہو جائے گی۔ ان اقدامات سے صنعت کو 2022 کے لیے 21 روپے ڈالر کے برآمدی ہدف کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔ اپٹما کے وفد نے وزیر خزانہ شوکت ترین سے ملاقات کی۔ جنہوں نے انہیں مناسب گیس کی فراہمی، ورکنگ کیپیٹل اور ان کے ریفنڈ کے طریقہ کار میں نرمی کا یقین دلایا۔ سوئی ناردرن گیس اور صنعتی شعبہ نے متفقہ فیصلہ کرتے ہوئے ٹیکسٹائل کیپٹو پاور سیکٹر کو گیس سپلائی بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کیپٹو پلاور پلانٹس کو گیس مخصوص کوٹے کے مطابق دی جائے گی مزید برآں گیس کی بحالی‘ ٹیرف کے حوالے سے لئے گئے عدالتی آرڈر کو واپس لینے سے مشروط کی گئی ہے۔سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ کیپٹو پاور سیکٹر کو آج بدھ 29دسمبر کی صبح سے گیس کی فراہمی شروع کردی جائے گی، موسم سرما میں گھریلو صارفین کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر پاور سیکٹر کو گیس مخصوص کوٹے کے مطابق دی جائے گی۔