سینٹ و قومی اسمبلی اجلاس ایک دن وقفہ کے بعد آج ہونگے، ایجنڈے میں منی بجٹ پیش کرنا شامل نہیں
اسلام آباد (نا مہ نگار) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے اجلاس ایک دن کے وقفے کے بعد آج دوبارہ ہوں گے۔ قومی اسمبلی کاکورم پورا کرنا حکومت کے لیے مشکل ٹاسک قرار دیا جا رہا ہے۔ آج قومی اسمبلی کا اجلاس سہہ پہر تین بجے سپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہو گا جبکہ سینٹ کا اجلاس دن گیارہ بجے چئیرمین سینٹ صادق سنجرانی کی صدارت میں ہو گا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس کا 148نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس میں منی بجٹ پیش کر نا شامل نہیں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے منی بجٹ کے حوالے سے اپنی اتحادی جماعتوں سے معاملات ابھی طے نہیں ہوئے اگر معاملات طے پا گئے تو اجلاس کے جاری کردہ ایجنڈے کو معطل کر کے منی بجٹ پیش کر دیا جائے گا۔ اپوزیشن نے اسمبلی میںمنی بجٹ اور سٹیٹ بنک کی خودمختاری کے بل لانے کی صورت میں اس کی بھرپور مخالفت اور احتجاج کا فیصلہ کیا ہے۔