نومبر کیلئے بجلی 4.33روپے یونٹ مہنگی کرنے کی سماعت آج ہو گی
اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) نیپرا بجلی 4 روپے 33 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست پر آج سماعت کرے گی۔ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کرا رکھی ہے، اضافہ نومبر 2021ء کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔ سی پی پی اے کے مطابق نومبر میں پانی سے 33.21 فیصد، کوئلے سے 16.26 فیصد، فرنس آئل سے 1.71 اور ہائی سپیڈ ڈیزل سے 0.29 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔ نومبر میں ڈیزل سے 27 روپے 20 پیسے فی یونٹ اور فرنس آئل سے 20 روپے27 پیسے فی یونٹ کی بجلی پیدا کی گئی۔ قبل ازیں اکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی تھی۔ 2021ء کے دوران میں ماہانہ اور سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اور سرچارجز کی مد میں بجلی 18روپے 71پیسے فی یونٹ تک مہنگی کی گئی، ایک سال میں نو مرتبہ بجلی مہنگی کرکے صارفین پر 650 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ڈالا گیا۔ ذرائع کے مطابق ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی 12 روپے 11 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ بنیادی ٹیرف، سرچارج، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس میں بجلی 6 روپے 60 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کی گئی۔ ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی اضافی وصولیاں ماہانہ بنیادوں پر کی گئیں۔ جنوری کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی89 پیسے، فروری میں 64 پیسے، جولائی میں ایک روپے 37 پیسے اور اگست کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ ستمبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 2 روپے 52 پیسے اور اکتوبر کی فیول ایڈجسٹمنٹ میں بجلی 4 روپے 74 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ فروری میں بجلی کا بنیادی ٹیرف ایک روپے 95 پیسے فی یونٹ بڑھایا گیا، اکتوبر میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹس میں بجلی ایک روپے 72پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی۔ اکتوبر 2021ء کے دوران ایک روپے 25 پیسے کا سرچارج بھی لگایا گیا۔ ذرائع کے مطابق نومبر میں بجلی کا بنیادی ٹیرف ایک روپے 68 پیسے فی یونٹ تک بڑھایا گیا۔ ماہانہ ایڈجسٹمنٹس کی مد میں بجلی ایک روپے 52 پیسے فی یونٹ سستی بھی کی گئی۔