• news

لکی مروت: بجلی‘ گیس لوڈ شیڈنگ کیخلاف برقع پوش خواتین کا احتجاج‘ بل جلا دیئے 

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) 18 گھنٹے بجلی غائب، 14 گھنٹے گیس بند ہونے پر لکی مروت میں برقعہ پوش خواتین نے گیس کے بل جلادئیے۔ سڑک پر نکل کر احتجاج  کیا۔ قاضی اشفاق چوک پر دھرنا دیا اور  نعرے بازی کی۔ گیس و بجلی کی فراہمی کا مطالبہ کرتی خواتین نے دھرنے کے دوران ہی نماز بھی ادا کی۔ خواتین 6 گھنٹے تک احتجاج کرتی رہیں۔ دھرنا دینے والی خواتین کا کہنا تھا بل دیکھیں اور گیس کی دستیابی دیکھیں۔ ایک دوسرے کے بالکل الٹ، اتنا زیادہ بل اور اتنی کم گیس۔ خواتین کے احتجاج کے باعث شاہراہ پر ٹریفک جام ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ سے پہلے مذاکرات ناکام ہوئے بعد میں متعلقہ محکموں کے ساتھ مشترکہ مذاکرات میں یقین دہانی کرائی گئی۔ بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ اس  یقین دہانی پر خواتین نے احتجاج ختم کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن