• news

’’نئے قانون سے بڑے کیسز متاثر ہونے کا امکان‘‘ خبر بے بنیاد‘ :ترجمان نیب

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو نے کہا ہے کہ نیب کے بارے میں قیاس آرائیوں اور بے بنیاد پراپیگنڈا سے گریز کیا جائے۔ نیب سے متعلق کسی بھی خبر کو نشر اور شائع کرنے سے پہلے ترجمان نیب سے نیب کا مئوقف لینے کے علاوہ اسے من و عن شائع کیا جائے جو کہ قانون اور ذمہ دارانہ صحافتی اقدار کا تقاضہ ہے۔ ترجمان نیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو نے مقامی اخبارات میں 27دسمبر2021 ء کو شائع ہونے والی خبر بعنوان ’’نئے نیب قانون سے 100بڑے کیسزمتاثر ہونے کا امکان، 2700 ملزموں کو ریلیف مل سکتا ہے‘‘ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے متعلقہ خبر کو بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے نیب کے علاقائی بیوروز میں نیب آرڈیننس کے بعد کام روکنے کے تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ نیب کے تمام علاقائی بیوروز میں قانون کے مطابق شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریز اور انوسٹی گیشنز جاری ہیں۔ متعلقہ پالیسی گائیڈ لائنز اور علاقائی بیوروز سے نیب مقدمات کی روزنامہ کی بنیاد پر پراگریس رپورٹس کی خبریں نہ صرف ٹی وی چینلز نے نشر جبکہ اخبارات نے شائع کیں مگر متعلقہ رپورٹر نے متعلقہ خبر فائل کرنے سے پہلے تازہ ترین صورت حال اور حقائق کا جائزہ لینے کی جسارت کی اور نہ ہی متعلقہ اخبارات کے ایڈیٹرز نے اپنے ہی اخبارات میں پہلے سے شائع شدہ خبروں کے برعکس بے بنیاد خبر کو شائع کیا جو کہ ذمہ دارانہ صحافتی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ مزید برآں مختلف معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات کی پیروی ٹھوس شواہد، گواہوں کے بیانات اور مستند دستاویزات کی بنیاد پر ضروری ہے۔ قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن