شفقت محمود کی ملاقات ، الزمات کی سیاست کا کوئی مستقبل نہیں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر تعلیم و تحریک انصاف پنجاب کے صدر شفقت محمود نے ملاقات کی جس میں پنجاب کے تنظیمی امور، سیاسی صورتحال اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عثمان بزدار نے شفقت محمود کو تحریک انصاف پنجاب کا صدر بننے پر مبارکباد دی۔ شفقت محمود نے عبدالستار ایدھی انڈر پاس کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ لاہور کی تعمیر و ترقی کیلئے اربوں روپے کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان منصوبوں میں کروڑوں روپے کی بچت کرکے نئی مثال قائم کی ہے۔ جو بھی وعدہ کیا وہ نبھایا۔ الزامات کی سیاست کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ پراپیگنڈا کرنے والے جان لیں کہ عوام کی خدمت کھوکھلے دعووں سے نہیں ہوتی پنجاب میں حقیقی تبدیلی کا آغاز ہو گیا ہے۔ عثمان بزدار نے پاکپتن کے نواحی گاؤں سے 4 سالہ بچی کے لاپتہ ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ کی ہمشیرہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ عثمان بزدار نے صوبے کی نہروں میں اضافی پانی کو استعمال میں لانے کیلئے بڑا اقدام کرتے ہوئے 1873ء کے کینال کمانڈ ایریا رولز تبدیل کرنے کا اصولی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے رولز کو کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون امور کی منظوری کے بعد پنجاب کابینہ میں پیش کیا جائے گا 150 سالہ پرانے اور فرسودہ قوانین کو بدل کر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ عثمان بزدار نے دنیا پور میں مدرسے کے بچوں کی طبیعت ناساز ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملتان ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں ایجنسی فار بارانی ایریا ڈویلپمنٹ کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی گئی آباد ABAD کے ذریعے بارانی علاقوں میں آبی ذخئر / ڈیم بنانے کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ ABAD میں بھرتی کی اصولی منظوری دے دی کوہ سلیمان کے علاقے میں دفاتر قائم کرنے اور بارانی علاقوں میں لائیو سٹاک اور فشریز کے فروغ کی ہدایت کی ۔