نیو ایئر نائٹ ‘منچلوں کیخلاف سخت کارروائی کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دینے کاحکم
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے سال نو کی آمد اور نیو ائیر نائٹ کے موقع پرصوبہ بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے سپروائزری افسران کو خصوصی ٹاسک سونپتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ قانون شکنی کے مرتکب افراد کیخلاف سخت قانونی کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔ آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ تمام اضلاع میں آتش گیر مادہ بنانے، خریدو فروخت اور استعمال میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ نیو ائیر نائٹ پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کرنیوالوں کو سلاخوں کے پیچھے ڈالا جائے۔ نیو ائیر نائٹ پر موٹر سائیکل، گاڑیوں، چنگ چی رکشوں کے سلنسر نکال کر شور مچانے اور ماحولیاتی آلودگی کا سبب بننے والے شہری اور ورکشاپ مالکان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ نشہ آور اشیاء کے استعمال اور خریدوفروخت کرنے والوں کو گرفتار کیا جائے ۔ نیو ائیر نائٹ سے قبل شہریوں میں آگاہی مہم چلانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ شہریوں میں ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، آتش بازی سمیت دیگر قانون شکنیوں اور اس پر ہونے والے سزاؤں بارے آگاہی دی جائے۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ سمیت دیگر بڑے شہروں میں نیو ائیر نائٹ کے موقع پر سکیورٹی اور قانون شکنوں کیخلاف کارروائیوں کیلئے خصوصی سکواڈز تشکیل دئیے جائیں۔