• news

پنجاب پولیس کی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کی از سرِ نو تشکیل کا فیصلہ

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس کی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کی از سرِ نو تشکیل اورمحکمانہ احتساب کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔آئی جی پنجاب پولیس راؤ سردار علی خان نے کہاہے کہ پولیس افسران واہلکاروں کا شفاف، غیر جانبدارانہ اوربلا تفریق محکمانہ احتساب میری پالیسی کا اہم حصہ ہے۔جس کیلئے انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کی کارکردگی کو مزید موثر بنا یاجائیگا۔ آئی جی پنجاب نے نئے تعینات ہونے والے ڈی آئی جی انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ کو خصوصی اہداف سونپ دئیے۔ راؤ سردار علی خان نے کہاکہ کرپشن، اختیارات سے تجاوزاور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث افسران واہلکاروں کی پنجاب پولیس میں کوئی جگہ نہیں۔ محکمانہ انکوائریز میں بے ضابطگی ثابت ہونے پر ذمہ داران کے خلاف بلا تاخیر سخت کارروائی یقینی بنائی جائے کیونکہ ایسے چندعناصر کی بدولت محکمہ کے وقار کوناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔یہ ہدایات انہوں نے گزشتہ روز سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران صوبے کے تمام افسران کو جاری کیں۔

ای پیپر-دی نیشن