لاہور میں 100فیڈز بسیں چلانے کی منظوری ، پہلی بار با اضتیار بلدیاتی ادارے قا ئم ہونگے: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں نئے بلدیاتی ایکٹ کے تحت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کابینہ نئے بلدیاتی ایکٹ کی منظوری دے چکی ہے۔ نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں بااختیار بنائے گا۔ نئے بلدیاتی نظام کو مشاورت کے ساتھ حتمی شکل دی گئی ہے۔ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ نچلی سطح پر اختیارات کو حقیقی معنوں میں منتقل کر کے عوام کو بااختیار بنائیں گے اور پہلی بار براہ راست انتخابات کرائے جائیں گے۔ نئے بلدیاتی نظام سے مقامی سطح پر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ تحریک انصا ف کی حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بااختیار بلدیاتی ادارے قائم ہوں گے۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر محنت انصر مجید نیازی اور چیئرمین وزیر اعلیٰ شکایات سیل سرگودھا ڈویژن حسن انعام پراچہ نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پربات چیت کی گئی۔ ملاقات میں بھلوال کو ضلع بنانے، بھیرہ، ملکوال روڈ اور سالم، بھلوال سرگودھا روڈ کی تعمیر کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم باتیں نہیں بلکہ کام کرتے ہیں۔ ہماری حکومت نے ہر ضلع کو علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق اجلاس میں ایکو فرینڈلی اربن بس پراجیکٹ پربریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے عوام کی سہولت کیلئے بڑے شہروں میں ماحول دوست بسیں چلانے کی ہدایت کی اور لاہور میں مزید فیڈر بسیں چلانے کا حکم دیا۔ لاہور میں پہلے مرحلے میں 100 فیڈر بسیں چلانے کے فیصلے کی اصولی منظوری دی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی کے لئے ایکو فرینڈلی اربن بس پراجیکٹ لارہے ہیں۔ ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں عوام کو بہترین ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹھوکر نیاز بیگ پر انٹرنیشنل لیول بس سٹینڈ منصوبے پر رپورٹ طلب کرلی اور ٹھوکر نیاز بیگ بس ٹرمینل کے منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کا حکم دیا۔ عثمان بزدار نے صحافی واصف محمود اور سینئر اینکر پرسن حبیب اکرم کے بیٹے کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔