متعدد اضلاع میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈگ جاری ، عوام کا احتجاج
ٹوبہ ٹیک سنگھ+ پشاور ( نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) پشاور اور بنوں میں بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف علاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے پشاور میں احتجاج کرتے ہوئے کوہاٹ روڈ جبکہ بنوں میں میرانشاہ روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔ پشاور میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ پر گڑھی قمردین کے مکینوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے۔ دوسری جانب بنوں کے علاقہ سوکڑی کے مکینوں کا بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ کیخلاف 24 گھنٹے سے احتجاج جاری ہے۔ مختلف سکولوں کے طلبا بھی چھٹی کر کے احتجاج میں شامل ہوگئے۔ مظاہرین کا کہنا ہے 24 میں سے ایک گھنٹہ بجلی اور گیس فراہم کی جاتی ہے، گھروں میں پانی ناپید ہوگیا، کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ٹوبہ ٹیک سنگھشہر اور گردونواح میں بجلی اور سوئی گیس کی غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ پر شہری بلبلا اٹھے۔ شہری اور ملحقہ علاقوں میں کھانا پکانے کے اوقات میں گیس اور بجلی بند کردی جاتی ہے جس سے شہری اذیت میں مبتلا ہیں اور بعض علاقوں میں گیس کا پریشر ان اوقات میں انتہائی کم کردیا جاتا ہے جس سے گھروں میں کھانا پکانے والی خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جبکہ دوسری جانب بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر 4روپے 74پیسے کا اضافہ کرکے غربت سے مری ہوئی قوم کو مزید زندہ درگور ہونے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ کھانے کے اوقات میں ہونے والی سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ بند کرنے کے ساتھ ساتھ پریشر بڑھایا جائے اور بجلی کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر کی جانے والی لوٹ مار فوری بند کی جائے۔