اپوزیشن کو پھلتی معشیت ایک آنکھ نہیں بھا رہی ، حسان خاور
لاہور (نیوز رپورٹر) معاون خصوصی وزیرِ اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ گزشتہ ادوار میں قومی خزانے کی چادر سے زیادہ پاؤں پھیلائے گئے جس کا نقصان عوام پر اضافی قرضوں کی صورت میں پڑا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے کفایت شعاری اور موثر معاشی نظام سے ملکی ریونیو کو بڑھایا۔ قومی خزانہ سرپلس میں جانے سے عوام پر قرضوں کا بوجھ کم ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو اپاہج بنانے، منفی سیاست، سازشوں اور ڈیلوں کے گرد گھومتی اپوزیشن کو پھلتی پھولتی معیشت اور حکومت کے عوامی فلاحی منصوبے ایک آنکھ نہیں بھا رہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ موجودہ گورننس ماڈل میں ترامیم اور بہتری پی ٹی آئی کے منشور اور وزیرِ اعظم کا ویژن ہے۔ اسی ویژن کی تکمیل کے سفر میں عثمان بزدار نے تعلیم، صحت، بلدیاتی نظام، پولیس سمیت دیگر اہم اداروں میں انقلابی اقدامات متعارف کروائے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو بابر حیات تارڑ کے ہمراہ محکمہ مال کے عوام دوست اقدامات کے حوالے سے میڈیا کو بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ مال کی جانب سے دیہی مراکزِ مال کا مقصد لوگوں کو ان کے گھروں کی دہلیز پر سروسز فراہم کرنا ہے۔ اپنی مدت تکمیل سے پانچ ماہ قبل قائم ہونے والے یہ چار ہزار مراکزِ مال پنجاب کی عوام کے لیے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کی جانب سے تحفہ ہیں۔ موجودہ حکومت نے زیر التواء کیسوں کا اندازہ لگانے کے لیے آئی ٹی بیسڈ سسٹم بنایا ہے۔ جنوری 2021 میں اس کورٹ مینجمنٹ سسٹم پر کام شروع ہوا اور اپریل تا دسمبر کے قلیل عرصے میں زیر التواء کیسز کی تعداد ایک لاکھ سترہ ہزار سے کم ہو کر 63 ہزار تک پہنچ گئی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بتائے ان کے پاس منی بجٹ پر تنقید کے علاوہ کوئی پختہ معاشی پلان ہے؟۔ سندھ اور پنجاب کے بلدیاتی آرڈیننس میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ ہم بلدیاتی اداروں کے ذریعے عوام کو با اختیار بنانا چاہتے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ اپنے مفرور بھائی کے ضامن ہونے کے ناطے انکی غیر حاضریوں پر عدالت کو جواب دہ شہباز شریف تو خود سولہ ارب کی منی لانڈرنگ میں پھنسے ہیں۔ شریف خاندان نے پاکستان کو سیاسی سیاحت کے لیے ریزورٹ بنا رکھا ہے۔ ان کے کاروبار، جائیدادیں اور اولاد ملک سے باہر ہیں لیکن یہ سیاست پاکستان میں کرتے ہیں۔