• news

برطانوی رکن پارلیمنٹ کی ملاقات ، اقتصادی، تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں : شاہ محمود

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے برطانوی ہائوس آف لارڈز کے رکن لارڈ ڈینئیل ہینن نے ملاقات کی۔ پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اقتصادی، تجارتی تعلقات مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔ برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ پاکستانی دوطرفہ تعلقات کے استحکام کا مظہر ہیں۔ پاکستان برطانیہ سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ منانا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء فارن سروس اکیڈمی میں پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمیں پاکستان کی خارجہ پالیسی کو تیزی سے بدلتے ہوئے رجحانات کے مطابق مرتب کرنا ہو گا، اقتصادی سفارت کاری صرف ایک لفظ نہیں بلکہ ہمارے ترقیاتی ایجنڈے اور ہمارے سفارتی اثاثوں سے فائدہ اٹھانے کا ایک جامع خاکہ ہے۔ وزیر خارجہ نے پروبیشنرز سے کہا کہ  آپ کو چاہیے کہ اپنی تعلیمی استعداد میں اضافہ کریں، لکھیں، تجزیہ کریں۔ اپنے آپ کو اپنی میز پر موجود فائلوں تک محدود نہ رکھیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ایک نئی دنیا ہمارے سامنے ہے، جس کے ذریعے ہمیں طاقت کے متعدد مراکز کا سامنا احتیاط اور دور اندیشی کے ساتھ کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن