سندھ کا جی ڈی پی میں 30فیصد حصہ، تاجراولین ترجیح: بلاول
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت قومی معیشت کے فروغ کے لیے صنعت خصوصاً برآمدی شعبے کو بہترین سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔ ملک میں چیمبرز اور تاجر تنظیموں کے سب سے بڑے اتحاد یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے 12 رکنی اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کا دوسرا بڑا صوبہ ہے جو قومی معیشت اور ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور قومی جی ڈی پی میں اس کا حصہ 30 فیصد سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو واضح ہدایات ہیں کہ تاجر برادری کو درپیش تمام حقیقی مسائل کو اولین ترجیح دیتے ہوئے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا سندھ حکومت تمام صنعتوں کو یکساں مواقع کی فراہمی کو مکمل طور پر یقینی بنائے گی۔ وفد میں ایس ایم منیر، زبیر طفیل، ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ، خالد تواب، گوہر حنیف، احسام سومرو، محسن مقبول شیخ، مومن علی ملک، شاہد لغاری اور ممتاز شیخ نبھی شامل تھے۔