پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈ نینس ، اپوزیشن نے تفصیلی غور کیلئے وقت مانگ لیا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے بلدیات سردار فاروق اللہ دریشک نے واضح کیا ہے کہ جو یہ کمیٹی باہمی مشاورت سے طے کرے گی اس میں کسی تبدیلی کے بغیر ہم اسمبلی میں پیش کریں گے۔ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر تفصیلی غورو خوض کرنے کے لیے مزید وقت مانگ لیا گیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے لوکل گورنمنٹ سردار فاروق اللہ دریشک کی زیر صدارت پنجاب لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس کے حوالے سے اجلاس پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں ہوا۔ کمیٹی میں تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، مسلم لیگ ق، پیپلزپارٹی کے ارکان شامل تھے۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی نے بلدیاتی آرڈیننس کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، میاں محمود الرشید، میاں اسلم اقبال، مخدوم ہاشم جواں بخت‘ پارلیمانی سیکرٹری ساجد بھٹی، سمیع اللہ خان، ملک محمد احمد خان، سردار اویس لغاری، چوہدری شفق انور، چوہدری ساجد محمود، رمضان بھٹی، ظفر اقبال سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں بلدیاتی آرڈیننس کے حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر لوکل گورنمنٹ میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ حکومت کی خواہش ہے کہ ہم اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں جس کے لیے ہم نیک نیتی کے ساتھ آج مل بیٹھے ہیں۔ جبکہ چیئرمین کمیٹی سردار فاروق اللہ دریشک کا کہنا تھا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ جو یہ کمیٹی باہمی مشاورت سے طے کرے اس میں کسی تبدیلی کے بغیر ہم اسمبلی میں پیش کریں گے۔ اجلاس میں اپوزیشن کی جانب سے لوکل گورنمنٹ آرڈیننس پر تفصیلی غورو خوض کرنے کے لیے مزید وقت مانگ لیا، جس پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ہم آپ کو جتنا وقت چاہیے دینے کے لیے تیار ہیں۔ آپ کی جانب سے جو بھی نشاندہی کریں یا تجاویز دیں اس پر مشاورت کی جائے گی۔ اجلاس میں اپوزیشن ارکان کا کہنا تھا کہ حکومتی ممبران کی جانب سے جس عزم کا اظہار کیا گیا اس پر ہم مشکور ہیں، آئندہ اجلاس 10 جنوری بروز بدھ کو ہوگا۔ اس سے قبل پنجاب کے بلدیاتی بل کی پنجاب اسمبلی سے منظوری کے معاملے پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے 23 رکنی کمیٹی قائم کر دی۔