بڑھتی مہنگائی نے کاشتکاروں کی کمر توڑ دی : جاویدقصوری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ یوریا کھاد اور ڈی اے پی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ قابل مذمت ہے۔ کاشتکاروں کی کمر توڑ کر رکھ دی گئی ۔شعبہ زراعت کیساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام گھروں سے نکل کر ہمارا ساتھ دیں۔ مسائل کے حل کیلئے حکمرانوں نے عوام کو مایوسی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ تبدیلی سرکار کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے۔ معیشت تباہ حال اور عوام بد حال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کفایت شعاری کا درس دینے والوں نے اپنے اللے تللے پورے کرنے کے لیے ترقیاتی بجٹ پر بھی کٹ لگادیا ہے۔ وزیر اعظم ہائوس یونیورسٹی بنا اور نہ ہی وزیر اعظم خود سائیکل پر آئے۔ بلکہ الٹا وزراء کی فوج ظفر موج بھی اقتدار کو انجوائے کرنے کے سوا کچھ نہیں کررہی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ ملک و قوم اس وقت گھمبیر قسم کے مسائل کا شکار ہیں۔ تحریک انصاف نے عوام کو وینٹی لیٹر پر لٹادیا ہے۔ 2021ء میں حکمرانوں کے ناعاقبت اندیش فیصلوں نے عوام کو روند ڈالا ہے۔ رہی سہی کسر منی بجٹ پوری کردے گا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں نے بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔