جوہری مذاکرات‘ عالمی طاقتیں ایران کے ساتھ سخت موقف اپنائیں: اسرائیلی وزیراعظم
تل ابیب (این این آئی) اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ نے کہا ہے کہ عالمی طاقتوں کو ایران کے ساتھ جوہری مذاکرات میں زیادہ سخت موقف اختیار کرنا چاہیے۔ انٹرویو میں کہا یقیناً ایک اچھا معاہدہ ہو سکتا ہے۔ یقیناً ہم معیارات جانتے ہیں۔ البتہ کیا موجودہ حالات میں ایسا ہونے کی توقع ہے؟ نہیں، کیوں کہ اس سے زیادہ سخت موقف ہونا چاہیے۔ ادھر اسرائیلی قومی سلامتی کونسل کے ڈپٹی چیف چک فریلچ نے کہا ہے اگر لاطاکیہ بندرگاہ پر حملے حقیقت میں اسرائیل نے کیے ہیں تو اس بات کا غالب امکان ہے کہ ان کے ذریعے اسرائیل شام کے اندر ایران کی بڑھتی ہوئی عسکری اہلیت کو روکنا چاہتا ہے۔ حملوں کا ایک ضمنی فائدہ یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ان کے ذریعے ایرانیوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی ہو کہ اسرائیل کسی بھی وقت ایسے اہداف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ حملوں سے ایران اور پی فائیو کے درمیان جوہری معاہدے کے حوالے سے ویانا میں جاری مذاکرات کے حوالے سے ایران پر دبائو بڑھ سکتا ہے۔