ماں کے کہنے پر 2 بیٹوں نے باپ کو قتل کرکے نعش سڑک پر پھینک دی
گجرات (نامہ نگار+نیٹ نیوز) سفاک بیٹوں نے باپ کو بے دردی سے قتل کر کے لاش سڑک کنارے پھینک دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق گجرات کے علاقے کلیوال سیداں سے سر کٹی لاش ملی تھی۔ پولیس نے تحقیقات میں انکشاف کیا ہے کہ مقتول کو اس کے سگے بیٹوں نے قتل کیا تھا اور لاش سڑک کنارے پھینک کر روپوش ہوگئے تھے۔ تاہم پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ 4 جون کو ایک شخص کی سر کٹی لاش ملی تھی۔ مقتول کی شناخت غلام سرور کے نام سے ہوئی۔ اہل خانہ غائب تھے۔ مقتول غلام سرور کے 2 بیٹوں اور بیوی کو شیخوپورہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے والد کو قتل کیا۔ ملزمان کا کہنا تھا کہ والد دوسری شادی کرنا چاہتا تھا۔ جس پر والدہ نے طیش دلایا اور ہم نے سفاکانہ واردات کی۔ پولیس کے مطابق ملزمان مریدکے کے رہائشی ہیں، ملزمان غلام حیدر، ارسلان حیدر اور نجمہ کوثر کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔گجرات سے نامہ نگار کے مطابق ڈی پی او گجرات عمر سلامت نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملزمان نے جائیداد ہاتھ سے نکلتے ہوئے دیکھ کر باپ کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔