محمد رضوان ٹی20 ، فاطمہ ثناء ویمن ون ڈے پلیئر آف دی ایئر کیلئے نامزد
لاہور(سپورٹس رپورٹر)آئی سی سی نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل پلیئرز آف دی ایئر کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔ ٹی ٹونٹی پلیئر آف دی ایئر کے لئے چار نامزد کھلاڑیوں میں پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا نام بھی شامل ہے۔ فہرست میں انگلینڈ کے جوز بٹلر ، سری لنکا کے ہسارنگا اور آسٹریلیا کے مچل مارش شامل ہیں۔محمد رضوان نے رواں برس 29 میچوں میں 73.66 کی اوسط سے ایک سنچری کے ساتھ 1ہزار 326 رنز بنائے۔پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر نے رواں برس انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ فارمیٹ میں راج کیا۔انہوں نے آئی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2021 ء کے دوران پاکستان ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں وہ تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بنے۔پلیئر آف دی ایئر کا انتخاب ووٹوں کے ذریعے ہوگا جس میں شائقینِ کرکٹ سال کے بہترین کھلاڑی کا انتخاب کریں گے، ایوارڈز کا اعلان 24 جنوری کو ہو گا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ویمنز ون ڈے پلیئر آف دی ائیر کیلئے پاکستانی کی فاطمہ ثنا کو بھی شامل کیا ہے۔ فہرست میں جنوبی افریقہ کی لیزلے لی ، انگلینڈ کی ٹیمی بیماؤنٹ اور ویسٹ انڈیز کی ہیلے میتھیوز بھی شامل ہیں۔فاطمہ ثنا نے رواں برس 13 میچوں میں 24.90 کی اوسط سے 20 وکٹیں حاصل کیں جن میں ایک میچ میں پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں۔یہی نہیں بلکہ انہوں نے 14.66 کی اوسط سے 132 رنز بھی بنائے۔