حکومت نے معاشی آزادی آئی ایم ایف کے حوالے کر دی: شہباز شریف
اسلام آباد/ لاہور/ قطب پور (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ اور سٹیٹ بینک کی نام نہاد خود مختاری نیازی حکومت کا مجرمانہ اور ظالمانہ اقدام ہے۔ حکومت نے آج پاکستان کی معاشی خودمختاری اور معاشی آزادی آئی ایم ایف کے حوالے کر دی۔ سقوط ڈھاکہ کی طرح آج کے دن کو تاریخ اور آنے والی نسلیں پچھتاوے اور سیاہ دن کے طور پر یاد کریں گی۔ منی بجٹ میں قوم پر 360 ارب روپے سے زائد ٹیکس لگائے ہیں۔ یہ پہلا بجٹ ہے جس میں عوام، معیشت اور پاکستان کے لئے کوئی ریلیف کوئی رعایت نہیں۔ کھانے پینے اور عام استعمال کی ضروری اشیاء میں ناقابل برداشت اضافہ ہو گا جن اشیاء پر ماضی کی حکومت نے کبھی ٹیکس نہیں لگایا۔ اپنے ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا دور حکومت بدترین رہا۔ شہری اتنے مایوس پہلے کبھی نہ تھے۔ اس سے قومی سلامتی پر اثرات پڑیں گے۔ اقتصادی اور سیاسی استحکام براہ راست قومی سلامتی سے جڑا ہوتا ہے۔ میاں شہباز شریف نے ڈویژنل صدر مسلم لیگ ن ملتان عبدالرحمان خان کانجو سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت منی بجٹ لاکر عوام کو ایک بار پھر مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنا چاہتی ہے۔ شہبازشریف نے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے ظلم سے بھارت کشمیریوں کو غلام بنا سکا ہے اور نہ بنا سکے گا، آزادی کشمیر کا مقدر ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ محصور کشمیریوں کی شہادتیں عالمی ضمیر ، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے اداروں کے لئے چیلنج ہیں۔