• news

2022 ء کا آغاز ، آتش بازی ، لاہور میں بھی منچلے نکل آئے ، ہلہ گلہ ، گرفتاریاں 

لاہور‘ اسلام آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آتش بازی‘ لائٹ شو‘ ہلہ گلا اور جشن کے ساتھ سال 2022ء کا آغاز ہو گیا۔ گزشتہ شام پاکستانی وقت کے مطابق سب سے پہلے 4 بجے نئے سال کے استقبال کیلئے نیوزی لینڈ آکلینڈ کا ہاربر برج روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ تاہم آتش بازی نہیں کی گئی۔ کرونا کے باعث اجتماع اور لوگوں کے گھر سے نکلنے پر پابندی تھی۔ آسٹریلیا میں سڈنی ہاربر پر شاندار آتش بازی سے 2022 کا استقبال کیا گیا۔ روس‘ جاپان امریکہ کے ٹائم سکوائر جنوبی و شمالی کوریا‘ فلپائن‘ انڈونیشیا‘ تھائی لینڈ‘ سری لنکا‘ بھارت سے ہوتا ہوا سال 2022 پاکستان پہنچا۔ اسلام آباد‘ کراچی‘ ملتان‘ کوئٹہ پشاور سمیت چھوٹے بڑے شہروں میں آتش بازی اور ہلہ گلہ کیساتھ عبادات اور دعاؤں کیساتھ اپنے اپنے انداز میں نئے سال کا استقبال کیا گیا جبکہ لاہور میں سخت سردی کے باوجود گزشتہ رات 12بجتے ہی سال نو 2022کے موقع پر منچلے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں ٹولیوں کی شکل میں ہلڑ بازی کرتے ہوئے سڑکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر نکل آئے ۔ ون ویلنگ، موٹر سائیکل پر کرتب کرنے کے علاوہ شراب کے نشے میں دھت ہوکر منچلوں نے سڑکوں پر بھنگڑے ڈالے، خواتین سے بدتمیزی، ہیپی نیو ائیر کے نعرے، شور و غل کیا جبکہ شہر کے مختلف علاقے ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھے۔ پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور متعدد منچلوں کی گرفتاریاں عمل میں آئیں۔ پولیس کے گلبرگ اور مال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں لاٹھی چارج سے چند منچلے زخمی ہوگئے جبکہ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ گزشتہ رات 12بجے منچلے موٹر سائیکلیوں جبکہ فیملیز بھی گاڑیوں پر باہر نکل آئیں۔ مال روڈ، گلبرگ، ڈیفنس، فیروز پور روڈ ،جیل روڈ، فوٹریس سٹیڈیم سمیت اہم مقامات پر منچلوں نے ہلڑبازی شروع کردی۔ روڈ بلاک کرکے ڈانس، بھنگڑے اور آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ پٹاخے بھی چلائے۔ ٹریفک حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس اور ٹریفک وارڈنزکی بھاری نفری نے منچلوں کے خلاف کریک ڈائون کیا۔ درجنوں منچلوں کو مختلف تھانوں میں موٹر سائیکلیوں سمیت بند کردیا گیا۔ ان نوجوانوں نے نئے سال کا غاز تھانوں کی حوالات سے کیا جبکہ سردی کی شدت میں بھی گرفتار منچلوں کے والدین عزیز واقارب تھانوں کے باہر جمع ہوگئے۔ علاوہ ازیں شہری موبائل فونز کے ذریعے اپنے پیاروں کو نئے سال کی مبارکباد کے فون کر کے اور پیغامات بھیجتے رہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں فارم ہاؤسز ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز میں شراب و ڈانس پارٹیاں منعقد ہوئیں۔ پوش علاقوں ڈیفنس، ماڈل ٹائون، شادمان، گلبرگ، رائے ونڈ، کینٹ، میں پرائیویٹ طور پر محفلیں سجائی گئیں جبکہ اندورن شہر میں لوگ بار بی کیو، کھابوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ راستے بند کرنے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور لوگ جام ٹریفک میں پھنسے رہے۔ پولیس ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر پابندی پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی۔ پولیس حکام کے مطابق چند مقامات پر ہوائی فائرنگ اور آتشبازی کے واقعات ہوئے، مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس افسران واہلکار رات گئے تک ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔ اسلام آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق آصف علی زرداری نے نئے سال کی آمد پر عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دعا ہے کہ 2022ء عوام کے لئے خوشیوں اور خوشحالی کا سال ہو۔ میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری ہونے والے یک بیان میں سابق صدر نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں عوام کو مشکلات سے نجات دلوائے گی۔ خود مختار پاکستان، بااختیار پارلیمنٹ اور خوشحال عوام ہماری منزل ہے۔ جبکہ  پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے قوم کو نئے سال کے موقع پر مبارک باد دی ہے۔ بیان میں انہوں نے کہا کہ دعاگو ہوں کہ سالِ نو آپ کی زندگیوں میں خوشیاں لائے، ہمیں بہتر قوم کے طور پر ابھرنے کے عزم کو دہرانا ہوگا، سال بدل گیا تاہم قوم کو اپنی تقدیر بدلنے کے لئے نااہل اور سلیکٹڈ حکمران سے پیچھا چھڑانا ہوگا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے نئے سال پر اہل وطن کے لئے دعا اور نیک تمناؤں کا پیغام  دیتے ہوئے کہا ہے آنے والے تمام سال پاکستان اور دنیا کے لئے امن، سلامتی اور خیروبرکت کے سال ہوں۔ نواز شریف کی قیادت میں 2022 میں جناح کا پاکستان بنانے کی فیصلہ کن جدوجہد کا آغاز کریں گے۔ قوم سے وعدہ کرتے ہیں  معاشی تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلائیں گے۔ اذیتوں، دکھوں اور مہنگائی کا ایک اور سال تمام ہوا، قوم کی زندگی میں ان تلخیوں کا غم ہے۔ دعا ہے 2022 میں کشمیر، فلسطین اور مقبوضہ خطوں کے عوام کو آزادی کی نعمت میسر آئے۔سال نو کا جشن منانے کیلئے سیاحوں کی بڑی تعداد مری پہنچ گئی۔ سیاحوں کے رش کے باعث مری کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گئی۔ کراچی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد سی ویو پہنچ گئی۔ شہر میں سال نو کی خوشی میں شدید ہوائی فائرنگ ہوئی جس میں 16 افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن