• news

یوکرائن کیخلاف کارروائی پر نئی پابندیاں، جوبائیڈن: پھر تعلقات ختم، پیوٹن

ماسکو، واشنگٹن (نیٹ نیوز، اے پی پی، شہنوا) امریکی صدر جو بائیڈن اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے اور روسی صدر نے کہا کہ اگر امریکا نے نئی پابندیاں عائد کیں تو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مکمل طور پر ختم ہو جائیں گے۔ خبر رساں ایجنسی کے مطابق دونوں ملکوں کے رہنماؤں نے تقریباً ایک گھنٹے تک دوستانہ انداز میں بات چیت کی اور یہ دونوں رہنماؤں کے درمیان گزشتہ ایک ماہ کے دوران دوسری مرتبہ رابطہ ہوا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے روسی ہم منصب سے گفتگو میں انہیں خبردار کیا کہ اگر انہوں نے یوکرائن کے خلاف مزید فوجی کارروائی کی تو امریکہ، روس پر نئی پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔ تاہم روس کے مشیر برائے امور خارجہ یوری اوشاکوو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے کہا کہ مزید امریکی پابندیاں بہت بڑی غلطی ہو گی اور اس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ اگر امریکی سرحد کے قریب جارحانہ ہتھیار نصب کیے جانے کی صورت میں جیسے امریکا ردعمل دے گا بالکل اسی طرح روسی سرحد کے قریب اگر ہتھیار نصب کیے گئے تو روس بھی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ تاہم وائٹ ہاؤس کی جانب سے روایتی اعلامیہ جاری کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ ایسے شعبے ہیں جس میں دونوں فریقین بامعنی پیشرفت کر سکتے ہیں لیکن اس کے علاوہ ایسے اختلافات بھی ہیں جنہیں حل کرنا ناممکن ہے۔ پریس سیکرٹری جین ساکی نے کہا کہ بائیڈن نے روس پر زور دیا کہ وہ یوکرائن کے ساتھ تناؤ کم کرے اور ساتھ ساتھ اس بات پر بھی زور دیا کہ اگر روس نے یوکرائن پر مزید حملہ کیا تو امریکا، اس کے اتحادی اور شراکت دار فیصلہ کن جوابی کارروائی کریں گے۔ ایک سینئر انتظامی عہدیدار کے مطابق بائیڈن نے اپنے ہم منصب سے کہا کہ دونوں طاقتوں کو دو راستوں کا سامنا ہے جس میں سے ایک سفارت کاری اور دوسرا پابندیوں کے ذریعے امریکی مزاحمت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن