مسلح افواج کی جانب سے قوم کو منفرد انداز میں سال نو کی مبارکباد
اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے قوم کو منفرد انداز میں سال نو کی مبارکباد پیش کی گئی ہے۔ ترجمان پاک فوج کی جانب سے نئے سال کے موقع پر مسلح افواج کے 2022 کے کیلنڈر پر مشتمل ایک ویڈیو پیغام جاری کیا گیا ہے جس کو ’’عزم و ہمت کے 75 سال‘‘ اور ’’عزم عالیشان‘‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ کیلنڈر کے پہلے صفحے پر سبز ہلالی پرچم اور آئی ایس پی آر کی جانب سے پیغام شامل کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ ’’پاکستان کے قیام سے لے کر 31 دسمبر 2021 تک کا سفر وہ یادگار سفر ہے جس دوران ملک و قوم اور مسلح افواج کو بے شمار چیلنجز کا سامنا رہا لیکن ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پوری پاکستانی قوم نے غیرمعمولی اتحاد اور بے لچک رویے کا مظاہرہ کیا، قیام پاکستان سے لے کر ڈائمنڈ جوبلی تک کا یہ سفر پوری قوم کے غیر متزلزل ایمان سے عبارت ہے۔ پیغام میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے پوری قوم کی مدد اور تعاون سے ترقی اور کامیابی کے اس عظیم سفر پر اپنے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں، پاکستان کے امن، سلامتی اور استحکام کی ضامن ہونے کے ناطے مسلح افواج کا قوم کو بیرونی اور اندرونی خطرات سے بچانے کا عزم ناقابل تسخیر ہے‘‘۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیلنڈر کے صفحات پر مسلح افواج کی سرگرمیوں اور خدمات پر مشتمل مختلف تصاویر شامل کی گئی ہیں جب کہ مسلح افواج کی جانب سے کی گئی سالانہ پریڈ اور پاک فوج، پاکستان نیوی اور پاک فضائیہ کی تربیتی مشقوں کے علاوہ رواں ماہ کامیابی سے کئے جانے والے میزائل تجربے کی تصویر بھی کیلنڈر کا حصہ ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشنز کے تحت افریقی ممالک میں دی جانے والی طبی خدمات کو بھی اس ’’پکٹوریل دستاویز‘‘ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ترجمان پاک کی جانب سے نئے سال کی مبارکباد کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی اور خوشحالی کی دعائیں بھی پیغام کا حصہ ہیں۔