منی بجٹ عوام کو بری طرح مشکلات میں دھکیل دے گا : مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر اور جامع مسجد محمدی سنت نگر فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے خطبہ جمعہ کے دوران کہا ہے کہ منی بجٹ لانے کی باتیں اور بحث عوام الناس کے لئے بہت تشویشناک اور کرب کا باعث بن رہی ہیں اور یہ عوام کو مزید مشکلات میں دھکیل دے گا۔ ہر طبقہ سراسیمگی کی کیفیت سے دوچار ہے۔ حکومتی کارپردازوں کا یہ کہنا کہ پاکستان خطے کا سستا ترین ملک ہے۔ عوام کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے مہنگائی کے مقابلے میں آمدنی بہت کم ہے۔ زندگی گذارنی بہت مشکل ہو رہی ہے۔ گیس کی بندش اور پٹرولیم مصنوعات کی ہو شربا گرانی جلتی پر تیل کا کام کر رہی ہے۔ حکومت خیبر پختون خواہ کے بلدیاتی انتخابات کا نتیجہ دیکھ کر اپنی مقبولیت کا اندازہ لگا لے۔ وزرا اپنی حکومتی ساکھ بچانے کے لے بے تکے بیانات دے رہے ہیں وزیر اعظم کا کہنا کہ سابق حکمرانوں نے قرض لیکر ملک کو غلام بنادیا تو عوام کو بتایا جائے کہ یہ حکومت کیا کر رہی ہے سب ہوا میں ٹامک ٹوٹیاں مار رہے ہیں حقیقی طور پر کچھ نظر نہیں آرہا آنے والے وقت مزید سخت ہوگا۔ جس کے لیے کوئی پلان اور منصوبہ بندی نہیں ہے۔