عثمان بزدار نے ایڈہاک ڈاکٹرزدیگرسٹاف کی ملازمت میں ایک برس توسیع کی منظوری دیدی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے سال نو 2022ء کی آمد پراہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئے سال پر تحریک انصاف کی حکومت نے نیا پاکستان قومی ہیلتھ کارڈکا اجراء کردیا ہے اور یہ ہے وہ تبدیلی جس کا وعدہ ہمارے کپتان نے قوم سے کیا۔ یہ صرف کارڈ نہیں بلکہ عام آدمی کے احساس کا جامع پروگرام ہے۔ وزیراعلیٰ نے سال نوکی آمد پراپنے پیغام میں کہا کہ نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجراء پنجاب کے شہریوں کیلئے نئے سال کا تحفہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے تحریک انصاف کی حکومت کو معاشرے کے محروم طبقات کی خدمت کا موقع دیا۔ جسے دل و جان سے نبھاتے رہیںگے۔2022ء پاکستانی قوم کیلئے امید کی کرن لائے گا اور نیا سال پاکستان کی تاریخ میںترقی کے نئے ریکارڈ قائم ہوںگے۔ اپوزیشن کی جانب سے ترقی کے سفر کو روکنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ عثمان بزدار نے ڈاکٹرز کے لئے سال نو کا تحفہ دیتے ہوئے نئے سال کے پہلے ہی روز محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے ایڈہاک ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے اور وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے ایڈہاک ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی ملازمتوں میں ایک برس کی توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عثمان بزدار نے ایڈہاک ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی ملازمتوں میں ایک برس توسیع کی منظوری دے دی۔ عثمان بزدار نے ایڈہاک ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کو تنخواہوں کی ادائیگی بروقت یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے اورکہا ہے کہ محکمہ پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کے ایڈ ہاک ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی تنخواہوں کی ادائیگی میں حائل رکاوٹوں کودور کرنے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن موجودہ صورتحال میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ قومی مفادات کو مقدم رکھنا ہر محب وطن کی ذمہ داری ہے۔ ملکی مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں۔ اپوزیشن کی جانب سے ذاتی ایجنڈے کوترجیح دینا کسی طوربھی مناسب نہیں۔ بدقسمتی سے اپوزیشن جماعتیں قوم کوتقسیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر مری میں سیاحوں کی سہولت کے لئے انتظامیہ کا ایکشن، انتظامیہ نے کھانے پینے کی غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والے ہوٹلوںکے خلاف کارروائی کی اور سیاحوں کی شکایات پر متعدد ہوٹل سیل کردئیے اور ہوٹل انتظامیہ کے خلاف مقدمے درج کر کے جرمانے کئے گئے۔ پارکنگ فیس میں اوور چارجنگ پر بھی کارروائی کی گئی۔ عثمان بزدار نے کہاکہ مری کی انتظامیہ او رمتعلقہ حکام صفائی کے انتظامات او رٹریفک رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی انتظامات کرے۔