نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجراء عوام کیلئے نئے سال کا تحفہ ہے:رانا شکیل اسلم
شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ رانا شکیل اسلم نے سال نو کی آمد پر اہلیان شیخوپورہ کو مبارکباد دی ہے اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اس موقع پر ایڈمن افیسر سید اظہر عباس گیلانی‘ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید موسی علی بخاری ودیگر افسر بھی موجود تھے ڈپٹی کمشنر رانا شکیل اسلم نے سال نو کی آمد پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجراء شیخوپورہ کے شہریوں کیلئے نئے سال کا تحفہ ہے، انہوں نے کہا کہ 2022 ہم سب کے لئے امید کی کرن لائے گا لیکن ہمیں سال نو کے آغاز پر اپنی گزشتہ برس کی کامیابیوں اور ناکامیوں کاجائزہ لینا ہو گا، نیا سال ایک بار پھر نئی امیدیں لئے ہماری زندگیوں میں قدم رکھ رہا ہے، ہم اپنے وطن کیلئے کچھ کر دکھانے کے جذبے سے نئے سال کا خیر مقدم کرتے ہیں تا ہم نئے سال میں اپنی کوتاہیوں کو دور کرنے کی کوشش کرنا وقت کا تقاضا ہے، میری دعا ہے کہ سال نو ہمارے لئے خوشیاں اور سلامتی لائیگا۔